پاک بحریہ کے سربراہ کی اردن کے رائل نیول، ایئر فورس کے سربراہان سے ملاقات

پاک بحریہ کے سربراہ کی اردن کے رائل نیول، ایئر فورس کے سربراہان سے ملاقات

  



اسلام آباد(آئی این پی ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اردن کے رائل نیول فورس اور رائل ایئر فورس کے سربراہان سے ملاقاتیں کر کے پاکستان نیوی کی میزبانی میں فروری میں منعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق امن 2019 کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اردن کے رائل نیول فورس اور رائل ایئر فورس کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی وبحری اشتراک کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے اور سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے دہشتگردی کیخلا ف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔اس کے علاوہ ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی اور بحری قزاقی کی بیخ کنی میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔نیول چیف کی جانب سے بحری امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام سے بھی آگاہ کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں سربراہ پاک بحریہ نے پاکستان نیوی کی میزبانی میں فروری 2019 کومنعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق امن 2019 کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تکنیکی افرادی قوت وپیشہ ورانہ مہارتوں کی فراہمی اور تربیت کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق اردن کی رائل نیول فورس اور رائل ایئر فورس کے سربراہان نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر /میٹروپولیٹن 4