علیمہ خان نے اپنی اور شوہر کی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے، وکیل

علیمہ خان نے اپنی اور شوہر کی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے، وکیل
علیمہ خان نے اپنی اور شوہر کی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے، وکیل

  



اسلام آباد(ویب ڈیسک) علیمہ خان کے وکیل سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے پاکستان میں اپنی اور شوہر کی وراثتی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق علیمہ خان کے اثاثوں سے متعلق ان کے وکیل سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے پاکستان میں اپنی اور شوہر کی وراثتی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے، یہ پیسہ پاکستان سے بینکوں کے ذریعے بیرون ملک بھیجا گیا، علیمہ خان کمپنی کی تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک فروخت کرتی تھیں، علیمہ خان ٹیکسٹائل مصنوعات کی کمپنی میں 50 فیصد کی حصہ دار ہیں، بیرون ملک اثاثوں کی خرید میں ٹیکسٹائل بزنس سے ہونے والا منافع بھی شامل ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جن ذرائع سے بیرون ملک اثاثے خریدے وہ استعمال سرمائے کے مطابق ہیں، علیمہ خان اور ان کے شوہر کی جائیدادوں میں ایکویٹی سوا 7کروڑ روپے سے زیادہ نہیں، بیرون ملک جائیداد گروی رکھ کر بینکوں سے لیا قرضہ بھی اثاثوں کی خرید میں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں کمائے گئے فنڈز بھی بینکوں کے ذریعے منتقل کیے گئے، کمپنی کی بیرون ملک کمائی قانون کےتحت باہر رکھی اور اثاثوں کی خرید میں استعمال کی۔

سلمان اکرام راجا نے کہا کہ ذرائع آمدن اور اثاثوں کا کسی خیراتی کام سے کوئی تعلق نہیں، علیمہ خان کے ذرائع آمدن اور اثاثے خیراتی کاموں سے جوڑنا افواہیں ہیں۔

مزید : قومی