ایشین بریڈمین ظہیر عباس مسلسل دوسرے سال پشاور زلمی کے صدر مقرر

ایشین بریڈمین ظہیر عباس مسلسل دوسرے سال پشاور زلمی کے صدر مقرر
ایشین بریڈمین ظہیر عباس مسلسل دوسرے سال پشاور زلمی کے صدر مقرر

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ، آئی سی سی کے سابق صدر اور ایشین بریڈمین ظہیر عباس مسلسل دوسرے سال پشاور زلمی کے صدر مقرر کر دئیے گئے ہیں۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ظہیر عباس کے تجربے سے ایک بار پھر بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی میڈیا اور برانڈ ویلیو کے اعتبار سے نمبرون فرنچائز اور پی ایس ایل سیزن ٹو کی چیمپین پشاور زلمی نے مسلسل دوسرے سال ظہیر عباس کو اپنا صدر مقرر کیا ہے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ ظہیر عباس دنیائے کرکٹ کا ایک بڑا اور معتبر نام ہے ، پشاور زلمی کا ظہیر عباس صاحب سے منسلک رہنا ہماری پوری ٹیم کیلئے باعث اعزاز ہے اور قوی امید ہے کہ پی ایس ایل تھری کی طرح سیزن فور میں بھی ٹیم پشاور زلمی ظہیر عباس کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور مزید اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور ہیڈ کوچ محمد اکرم نے بھی ظہیر عباس کو ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹیم اور کھلاڑیوں ایشین بریڈ مین کی موجودگی سے مزید اعتماد ملے گا۔ سابق کپتان ظہیر عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچریوں کی سنچریاں بنانے والے پاکستان کے واحد کرکٹر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 5062اور ون ڈے کرکٹ میں 2572رنز بنانے والے ظہیر عباس کو آئی سی سی کی صدارت کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

مزید : کھیل