بھارت نے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 90 رنز سے شکست دیدی
ویلنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 90 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں میں سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔ روہت شرما 87 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شیکھر دھون نے 66، ویرات کوہلی نے 43، امباتی رائیڈو 47، مہندرا سنگھ دھونی نے 48 اور کیدر جادھو نے 22 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی باﺅلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں پورے اوورز بھی کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور 41 ویں اوور میں ہی 234 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ ڈاﺅج بریس ویل نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے جبکہ مارٹن گپٹل نے 15، کولن منرو نے 31، کین ولیم سن نے 20، راس ٹیلر نے 22، ٹام لاتھم نے 34، ہینری نکولس نے 28، کولن ڈی گرینڈہوم نے 3، لوکی فرگوسن نے 12، ٹرینٹ بولٹ نے 10 رنز بنائے اور ایش سودھی صفر پر آﺅٹ ہو گئے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھوینشور کمار اور یوزویندر چھاہل نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شامی اور کیدر جادھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔