سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو قائمہ کمیٹی نے نہیں بلایا، معاملے کی تحقیقات کریں گے: رحمان ملک

سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو قائمہ کمیٹی نے نہیں بلایا، معاملے کی ...
سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو قائمہ کمیٹی نے نہیں بلایا، معاملے کی تحقیقات کریں گے: رحمان ملک

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو قائمہ کمیٹی میں نہیں بلایا گیا تھا، معلوم کریں گے کہ ڈی ایس پی انہیں کیوں لایا تھا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے ساہیوال واقعے کا نوٹس لیا ہے، متاثرہ خاندان سے مکمل تفصیل سنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال واقعے پر پہلے دن جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ تھا۔ اس واقعے کی مکمل تفصیل ہونی چاہئے اور اس میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے جبکہ یہ بھی ثابت کیا جائے کہ ذیشان واقعی دہشت گرد تھا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو قائمہ کمیٹی میں نہیں بلایا گیا تھا کیونکہ قائمہ کمیٹی قانونی طریقے سے کسی کو بلاتی ہے لیکن ڈی ایس پی انہیں کیوں لایا، معلوم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری خلیل کے بھائی سے بات ہوئی ہے اور ہماری ہمدردیاں ان کیساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ تین روز میں لواحقین کو باضابطہ نوٹس جاری کریں گے اور قانونی طریقے سے انہیں بلانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں گے اور ان سے مکمل تفصیل سنیں گے اور واقعے کی تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید بہت انکشافات کر رہے ہیں اور لگتا ہے کہ انہوں نے محکمہ انکشافات سنبھال لیا ہے، بچانے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے، آصف علی زرداری پر پہلے بھی بہت سے الزامات عائد ہوئے ہیں مگر ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔

مزید : قومی