خاتون کے نقلی بال لڑائی کے دوران اس کی جلد کے اندر گھس گئے
ابوجہ(مانیٹرنگ ڈیسک) افریقہ ملک نائیجیریا میں بہن کے ساتھ لڑائی کے دوران لڑکی کے نقلی بال اس کی جلد میں گھس گئے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ نائیجیریا کے شہر لیگوس میں پیش آیا جہاں متاثرہ لڑکی کو اس کی بہن نے لڑائی کے دوران شیشے کا گلاس دے مارا جو اس کے چہرے پر لگا اور شیشے کا ایک ٹکڑا وِگ کے بالوں کے ساتھ اس کے ماتھے، آنکھ اور رخسار میں پیوست ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے طویل آپریشن کے ذریعے شیشے کا ٹکڑا اور وِگ کی لٹ 37سالہ خاتون کے جسم سے نکالی تاہم شیشہ لگنے سے اس کی آنکھ پھوٹ گئی اور وہ بینائی سے محروم ہو گئی۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ”بہن کے حملے میں خاتون کی دائیں آنکھ متاثر ہوئی۔ جب اسے گلاس مارا گیا تو اس کی وِگ کے بال چہرے پر لٹک رہے تھے جو شیشے کے ساتھ ہی جسم میں پیوست ہو گئے اور اس کی آنکھ ضائع ہو گئی۔ اب وہ اس آنکھ سے کبھی نہیں دیکھ پائے گی۔“