ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا:سردارعثمان بزدار

ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی ...
ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا:سردارعثمان بزدار

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے،شعبہ صحت کو عوام کی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے اصلاحات کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے،مریضوں کو ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہترین سہولتیں ملنا ان کا حق ہے اورحکومت یہ حق مریضوں کو ہر قیمت پر دے گی،اس مقصد کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے روڈمیپ تیار کر لیا گیا ہے،مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی سہولتیں دینے کیلئے وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے اورہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی پروگرام سے ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری پر دورس نتائج حاصل ہوں گے،ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری ، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ہسپتالوں میں چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا جائے گا اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مختص کردہ خطیر رقم کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے محنت اور جذبے سے کام کرنا ہو گا،شعبہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور مسیحائی کا درجہ رکھتا ہے،مسیحائی کے پیشے سے وابستہ لوگ دین اور دنیا دونوں کماتے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اورکسی کے زخمو ں پر مرہم رکھنا نیک کام ہے، بہترین علاج معالجہ عام آدمی کا حق ہے اور یہ حق عوام کو دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معیاری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے،صوبے میں ادویات کی خریداری کے عمل، تقسیم اور ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور