اپوزیشن کی تمام ترتنقید اور تحفظات کے باوجو د پاکستان کی نصف سے زائد آبادی وزیر اعظم عمرا ن خان سے خوش
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)اپوزیشن کی تمام ترتنقید اور تحفظا ت کے باوجود پاکستان کی نصف سے زائد آبادی وزیر اعظم عمران خان سے خوش ہے ،51فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ حکومت سنبھالنے سے لیکر اب تک عمران خان کی کارکردگی بہتری رہی ہے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق رائے عامہ کاسروے کرنیوالے ادارے گیلپ اینڈ گیلانی نے عمران خان حکومت کے بارے میں عوامی رائے کا جائزہ لیا ہے ، عوامی جائز ے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت شہری علاقوں اور پچاس سال سے کم عمر افراد میں زیادہ ہے جبکہ دیہی علاقہ جات میں 49 فیصد افراد کے خیال میں وزیر اعظم کی کارکردگی خراب ہے یا بہت خراب رہی ہے ، دیہی علاقوں میں 47 فیصد افراد نے وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیاہے ۔پچاس سال سے زیادہ عمر کے افراد میں عوامی رئے کے بر عکس 51 فیصد کے خیال میں وزیر اعظم کی کارکردگی یا تو خراب رہی یا بہت خراب رہی اس کے مقابلہ میں 43 فیصد وزیر اعظم کی کار کردگی کو اچھی قرار دیتے ہیں۔
ملک کے چاروں صوبوں میں کئے گئے اس سروے میں شامل افراد سے پوچھا گیا کہ ان کی رائے میں وزیر اعظم عمران خان کی 2018 کے انتخابات جیتنے کے بعد اب تک کارکردگی کیسی ہے؟ اس سوال کے جواب میں 13فیصد کے خیال میں کارکردگی بہت اچھی تھی 38 فیصد کے خیال میں اچھی جبکہ 26 فیصد کی نظر میں خراب اور 20 فیصد کی نظر میں وزیر اعظم کی کارکردگی بہت زیادہ خراب رہی ہے۔ سروے میں شامل 3 فیصد نے یا تو کوئی رائے نہیں دی یاان کی جانب سے لاعلمی کااظہار کیا گیا ہے ۔