صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ، سرخ فیتے کی حائل رکاوٹوں کو دورکیاجائے گا :میاں اسلم اقبال

صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ، سرخ فیتے کی حائل رکاوٹوں کو ...
صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ، سرخ فیتے کی حائل رکاوٹوں کو دورکیاجائے گا :میاں اسلم اقبال

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے او ر اس مقصد کے لئے ہر ضروری اقدام کریں گے،سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیاجارہاہے اور سرمایہ کاری میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو دورکیاجائے گا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق  پنجاب سرمایہ کاری بورڈ  میں میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا  جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات اور تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا،  مشیر وزیراعلی پنجاب فضیل آصف ، سیکرٹریز صنعت و تجارت ، لاء ، آبپاشی ، کمشنر لاہور ڈویژن ، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے غیر ضروری اور فرسودہ قوانین کو تبدیل کرکے انہیں موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔انہو ں نے کہاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسا نظام بنائیں گے جس سے سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی ۔ انہو ں نے کہاکہ غربت ، بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ ضروری ہے ۔ اجلاس کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالےسے تفصیل سے جائزہ لیاگیا ۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور