ہندوستان نے کشمیری عوام کا حق خودارادیت سلب کررکھا ہے، ’’یوم جمہوریہ ‘‘ منانے کا کوئی جواز نہیں :شاہ محمود قریشی

ہندوستان نے کشمیری عوام کا حق خودارادیت سلب کررکھا ہے، ’’یوم جمہوریہ ‘‘ ...
ہندوستان نے کشمیری عوام کا حق خودارادیت سلب کررکھا ہے، ’’یوم جمہوریہ ‘‘ منانے کا کوئی جواز نہیں :شاہ محمود قریشی

  



ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے کشمیری عوام کا حق خودارادیت سلب کررکھا ہے،بھارت کے پاس ’’یوم جمہوریہ ‘‘ منانے کا کوئی جواز نہیں،پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار ہرعلاقائی اور عالمی فورم پراجاگر کرتا رہے گا۔

کشمیری عوام کی طرف سے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام کوکھلے عام نشانہ بنا رہی ہے اور بھارت نے مظالم کے تمام ریکارڈز توڑدئیے ہیں،بھارت کے پاس یوم جمہوریہ منانے کا کوئی جواز نہیں کیونکہ اس نے کشمیری عوام کا حق خودارادیت سلب کررکھا ہے اوراس کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے سعودیہ کو منایا جو اب ہمیں 3ارب ڈالر کا ادھار تیل دینے پر آمادہ ہوگئے ہیں، آئندہ ماہ سعودی حکمران پاکستان آرہے ہیں اور وہ پاکستان میں 14 سو ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے، عرب امارات سے بھی  3 ارب ڈالرز لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشی سفارتکار ی سے پاکستان کو اوپراٹھا رہے ہیں، قطر کے امیر نے پاکستان میں ہاؤسنگ ، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہےجبکہ قطر آئندہ ہندوستان کی بجائے پاکستانی چاول، سبزیاں، پھل اور دیگر اجناس خریدے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے میٹرو اور اورنج لائن میں اربوں لگا دئیے لیکن ہم ان سے انڈسٹریل زونز، روزگار اور ملک کی ترقی کے منصوبے لینے میں کامیاب ہوئے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا کہ علیحدہ صوبے کے قیام کے لئے جنوبی پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیا ہےلیکن مگرمچھ کے آنسو بہانے والے بہاولپور صوبہ کے نام پر ہمیں آپس میں لڑوانا چاہتے ہیں، ہم نیک نیتی سے جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانا چاہتے ہیں لیکن فسادی ہمیں تقسیم کرنے کے چکر میں ہیں۔

مزید : قومی