کرکٹ سیریز کے پرامن انعقاد سے لاہورپولیس کا اعتماد بڑھا، بابر سعید
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں انٹر نیشنل کرکٹ ایونٹس کے کامیابی سے پُر امن انعقاد سے لاہور پولیس کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔شہریوں کو آئندہ بھی کرکٹ کے کھیل سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز کروانے کیلئے لاہور پولیس بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بات گز شتہ روز پاکستان بنگلہ دیش کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ سے قبل قذافی سٹیڈیم کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کہی۔ رائے بابر سعید نے کہاکہ پاکستان بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریزکے لئے لاہور پولیس سکیورٹی فرائض کی انجام دہی کے لئے پوری طرح تیارہے۔آج بھی10ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیموں اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطے میں ہیں۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے روٹ، ٹیموں کی نقل و حرکت اور سٹیڈیم کے اطراف کی موثرمانیٹرنگ کی جارہی ہے۔رائے بابر سعید نے کہا کہ پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کریں۔میچ دیکھنے سٹیڈیم آنے والے شائقین اپنا قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔شائقین کرکٹ کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لئے لاہور پولیس سے تعاون کریں۔