عالمی بزنس اداروں سے رابطوں کیلئے کمیونی کیشن سکلز بڑھائیں، فیصل آباد چیمبر

عالمی بزنس اداروں سے رابطوں کیلئے کمیونی کیشن سکلز بڑھائیں، فیصل آباد چیمبر

  



فیصل آباد (بیورورپورٹ) عالمی سطح پر رابطوں کیلئے صنعتی، کاروباری اور برآمدی اداروں کے سربراہوں کو اپنی کمیونی کیشن سکلز کو مزید بڑھانا ہوگا تاکہ وہ اپنے غیر ملکی خریداروں سے بہتر طور پر اپنے معاملات طے کر سکیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے قائمہ کمیٹی برائے لینگوئسٹک، کمیونیکیشن سکلز اور کیئریر کونسلنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں دوبئی کے سکل سٹی کے بین الاقوامی ٹرینر ولی زاہد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ بڑے اداروں کے پاس تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی نہیں لیکن چھوٹے اوردرمیانے اداروں کے سربراہوں کو اپنی کمیونی کیشن سکلز کو مزید بڑھانا ہو گا تاکہ وہ غیر ملکی خریداروں کے معاملات کو صاف اور شفاف طریقے سے طے کر سکیں۔ انہوں نے اس حوالے سے اس قائمہ کمیٹی کے اس آگاہی اجلاس کا بھی خیر مقدم کیا اور بتایا کہ اس قسم کے تربیتی سیشن آئندہ بھی تسلسل سے ہوتے رہیں گے۔ اس سے قبل زاہد ولی نے بتایا کہ اگرچہ فیصل آباد بہت بڑا برآمدی شہر ہے لیکن ابھی تک یہاں کے لوگوں میں پڑھنے کا رجحان بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر لیکچر دینے کیلئے فیصل آباد آئے ہیں تاکہ یہاں کے برآمدی تاجروں کی کمیونی کیشن سکلز کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اس دوران انہوں نے شرکاء کو عملی تربیت دینے کے علاوہ ان کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ آخر میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین جنید محمود بیگ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کیلئے اس قسم کے معلوماتی اور آگاہی سیشنز کے انعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

مزید : کامرس