سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی پالیسی مرتب کی جائے کا رپٹ ایسوسی ایشن

سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی پالیسی مرتب کی جائے کا رپٹ ایسوسی ایشن

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے برآمدات میں اضافے کیلئے ایمر جنسی کی طرز پر اقدامات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے بعددیگر ممالک سے بھی تجارت میں توازن کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹس کرنے کیلئے عملی پیشرفت کرنے کی ضرورت ہے،انٹر نیشنل مارکیٹنگ کیلئے موثر اقدامات اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی پالیسی مرتب کی جائے،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد کی زیر صدارت منگل کے روز نارتھ سرکل کے اجلاس میں ”ڈومو ٹیکس“ نمائش میں غیر ملکی خریداروں کے رجحان کا جائزہ اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، محمد اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عالمی نمائشوں میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور ان سے رہنمائی حاصل کر کے مستقبل کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ بیرون ممالک نمائشوں میں شرکت کرنے والوں کو درپیش مسائل کو بھی حل کیا جانا چاہیے۔ وائس چیئرمین شیخ عامر خالد نے بتایا کہ منگل کے روز نارتھ سرکل کی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں شرکاء کو جرمنی میں منعقدہ ڈومو ٹیکس نمائش میں غیر ملکی خریداروں کے رجحان،دو طرفہ ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہی اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

مزید : کامرس