ملتان:ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سیکٹر انچارجز میں موٹر سائیکل تقسیم

    ملتان:ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سیکٹر انچارجز میں موٹر سائیکل تقسیم

  



ملتان (سپیشل رپورٹر)ملتان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سیکٹر انچارجز میں موٹرسائیکل تقسیم کی تقریب گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ملتان میں منعقد ہوئی جس میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک،چیف وہپ قومی اسمبلی عامرڈوگر، معاون خصوصی جاویداختر انصاری،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک،ممبران صوبائی اسمبلی ظہیرالدین خان، واصف راں،سلیم لابر،طارق عبداللہ، ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصرشہزاد ڈوگر، کمپنی منیجرزعلیم خان،داودمکی،ساجدریاض(بقیہ نمبر6صفحہ12پر)

،عقیل احمد،عثمان خورشید، حبیب اللہ ظفر اور فہیم لودھی بھی موجود تھے۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان شہر کے صفائی اور سیوریج کے دو بڑے ایشو زہیں،ماضی کی حکومتوں نے دونوں شعبوں میں سرمایہ کاری نہیں کی، اب صفائی کے نظام میں بہتری موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے، وزیرخارجہ نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بہترین ٹیم ورک سے شہر میں صفائی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے۔وہ صفائی کے نظام میں بہتری پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کمپنی کے ایم ڈی ناصر شہزاد ڈوگر بہت محنت کر رہے ہیں،بہتر کاکردگی پر کمپنی کی ہر جگہ تعریف کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حوصلہ افزائی سے کارکنوں میں مزید محنت کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور یہ آکسیجن کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ کمپنی کی بہترین کارکردگی سے وزیراعلیٰ کو بھی آگاہ کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سیکٹر انچارجز کو موٹرسائیکلیں دینے سے صفائی کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصرشہزاد ڈوگر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے 300 سینٹری ورکرز اور 25 ڈرائیورز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں،نئے ورکرز کو میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل ہونے والی یونین کونسلوں میں تعینات کیاجائے گا،انہوں نے کہاکہ500 ہاتھ ریڑھیوں، ویسٹ ڈرمز اور 300 کنٹیرز کا ٹینڈر بھی ہو چکا ہے اورٹینڈرنگ کا تمام نظام شفاف بنایا گیا ہے، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نئی مشینری کی خریداری کی اجازت بھی دے دی ہے۔ شہر کے نجی اور سرکاری سکولوں کو مین گیٹس پر ویسٹ ڈرم نصب کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں اور گلیوں میں ملبہ پھینکنے والوں کو نوٹس جاری کیے جارہے ہیں اور انہیں جرمانے کا سلسلہ شروع کیا گیاہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کی شکایات کابروقت ازالہ بھی کیا جارہا ہے

مزید : ملتان صفحہ آخر