ویڈیو سکینڈل: ملتان میں آپریشن، ایک اورملزم گرفتار،1روزہ ریمانڈ منظور

      ویڈیو سکینڈل: ملتان میں آپریشن، ایک اورملزم گرفتار،1روزہ ریمانڈ منظور

  



ملتان (خبر نگار خصوصی+وقائع نگار)سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب جج ارشد ملک کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے والے ایک اور ملزم نادر خان کو ایف آئی اے نے ملتان معصوم شاہ روڈ سے گرفتار کرلیا اور ملزم کا راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک میں پیش کیا جس پر عدالت نے ملزم کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔تفصیل کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے نیب جج کو بلیک میل کرنے کا معاملہ، ایف(بقیہ نمبر9صفحہ12پر)

آئی اے نے ملزم نادر خان کو معصوم شاہ روڈ ملتان سے گرفتار کیا،ایف آئی اے کے مطابق ملزم نادر خان احتساب جج ارشد ملک کی ویڈیو سکینڈل کیس کے مرکزی ملزم میاں طارق کا قریبی ہے، ملزم کے خلاف الزام ہے کہ ملزم نے جج ارشد ملک کی فحاش ویڈیوز بنائی تاکہ وہ نواز شریف کیس میں انہیں فائدہ پہنچا سکیں، تاہم ایف آئی اے نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم نادر خان سے دیگر ساتھیوں اور ڈیجیٹل آلات کی برآمدگی کی جانی ہے، اس لیے عدالت سے راہداری ریمانڈ کی استدعا ہے جس پر عدالت نے ملزم کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ہے، ملزم نادر خان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد پیش کیا جائے گا، ملزم نادر خان کے خلاف الیکٹرانک کرائم، فراڈ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر