ڈیرہ پولیس کامندر بالمیک میں کاؤنٹر ٹیررازم کی فرضی مشقوں کا انعقاد

  ڈیرہ پولیس کامندر بالمیک میں کاؤنٹر ٹیررازم کی فرضی مشقوں کا انعقاد

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈیرہ پولیس کامندر بالمیک میں کاؤنٹر ٹیررازم کی فرضی مشقوں کا انعقاد، فرضی، مشقوں کا مقصدپولیس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانا ہے،ڈی پی او ڈیرہ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں حساس مقامات کی موثر نگرانی اور انسدادی دہشتگردی کے حوالے سے پولیس فورس کی عملی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے یہ مشقیں پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے اور کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کی صورت میں عوام کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنانا ہے جسکی خاطر پولیس اور ایلیٹ فورس کی مشقوں میں دیگر اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں اس سلسلہ میں مندر بالمیک میں دہشتگردانہ حملے کو بھرپور دفاعی انداز میں ناکام بنانے کی غرض سے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کیخلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کیساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونیوالے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی مشق دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا۔مندر بالمیک میں منعقد فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیے رکھااور حفاظتی اقدامات و ہائی الرٹ سکیورٹی کے تحت مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی مناسب اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ پولیس کی فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)واحد محمود کر رہے تھے جبکہ ڈی ایس پی ایلیٹ فورس یوسف خان اور مقامی تھانہ سٹی کے ایس ایچ او نے انسداد دہشتگردی کی مشق کے آپریشنل دستوں کی کمانڈ سنبھال رکھی تھی۔ موقع پر موجود ضلعی سربراہ نے کاؤنٹر ٹیرارزم کی فرضی مشقوں میں حصہ لینے والے پولیس، ایلیٹ فورس اور ریسکیو1122 کے جوانوں کی عملی طور پر پیش کردہ اپریشنل کاروائی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے انکی بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور انھیں مزید احتیاطی تدابیر اپنانے او راپنے دفاعی تجربات میں مزید مہارت حاصل کرنیکی ہدایت کی۔ ضلع بھر میں انسداد دہشتگردی اور نگرانی کی موئثر حکمت عملی کے تحت جاری پولیس فورس کی عملی مشقوں کے مقاصد اور افادیت کے حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اوالین ذمہ داری ہے جبکہ قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنا پولیس فورس کی حلف وفادای کا نقطہ نظر ہے جس کیلئے تمام توانائیوں کوبروئے کار لایا جائیگا دہشتگردی کے تجربے اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبر دآزما پولیس فورس امن کی ضامن بن چکی ہے۔ ڈی پی او نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے منعقد فرضی مشقوں میں حاصل کردہ تجربے کو عوام کے بہتر مفاد کیلئے بروئے کار لائیں اور پرفیشنلزم کی بنیا د پر مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں تاکہ شر پسند عناصر کو اپنے مزموم عزائم کی تکمیل کا کوئی موقع نہ ملے اور علاقے میں امن کی فضاء قائم رہے۔ انھوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کا بھرپور دفاع یقینی بنانے کیلئے پولیس جوانوں کی عملی مشقوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ پیشہ وارانہ تجربات سے بہتر انداز میں روشناس کر کے انکی انسدادی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر