تحریک انصاف کے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کا وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار

  تحریک انصاف کے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کا وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر،آئی این پی)پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزداراورہمارے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔ہمیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کرنے والوں میں غضنفر عباس،محمد علی رضاخان خاکوانی،مامون تارڑ،خواجہ محمد داؤد سلیمانی، محمد عامر عنایت شہانی، محمد احسن جہانگیر، صاحبزادہ غزین عباسی، تیمور علی لالی، غضنفر عباس شاہ، سردار محمد محی الدین خان کھوسہ، سردار شہاب الدین خان اور محمد اعجاز حسین شامل تھے۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت،چوہدری ظہیر الدین اور رکن پنجاب اسمبلی سید عباس شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ تھے، ہیں اورساتھ کھڑے رہیں گے۔ہم وزیراعظم عمران خان اور آپ کے سپاہی ہیں جبکہ عوامی خدمت کے سفر میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عزت میری عزت ہے۔آپ کے احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔آپ کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے ملکرصوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔پراپیگنڈا کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ہم ایک تھے،ہیں اورایک رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف پنجاب کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں کو نظر اندازکرسکتے ہیں نہ ان کے ووٹرز کو،ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے۔ ملاقات میں پارٹی کو مضبوط کرنے سے متعلق امور،حلقوں کے مسائل کے حل اورعوام کے ساتھ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حلقوں میں ترقیاتی کام ٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے ہوں گے،جس ضلع کا دورہ کروں گا وہاں پر ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی ضلعی صدر اورجنرل سیکرٹری کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کی تعمیرو ترقی کے مشن میں مل کر کام کریں گے۔اس موقع پرٹکٹ ہولڈرز نے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،فلاح عامہ کے منصوبوں،راولپنڈی کے ترقیاتی پراجیکٹس اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو 5فروری کو لال حویلی میں جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔ ڈیڑھ برس میں وہ کام کئے جو ماضی کی حکومتیں برسوں میں نہ کرسکیں۔علاوہ ازیں انصاف لائرز فورم کے صدر چودھری اکبر گجر کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد کو وکلاء برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں،وکلاء برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے اور اس ضمن میں طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بار کے ہسپتال کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے اور لاہور میں وکلاء کیلئے ہوسٹل کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ عنقریب پنجاب بھر کے وکلاء کا کنونشن بلایا جائے گا اور اس کنونشن میں وکلاء کیلئے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری امجد شہزاد زبیری، سینئر نائب صدر سید فرحان علی، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی، نائب صدر نعمان عزیز قریشی، سیکرٹری اطلاعات میاں مزمل شریف، جوائنٹ سیکرٹری نوید احمد کمبوہ، فنانس سیکرٹری سید عدیل حسین اور جوائنٹ سیکرٹری طاہر گجر شامل تھے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے بنگلا دیش کے خلاف دوسراٹی 20 میچ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز میں فتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ تیسرے ٹی 20 میچ میں فتح حاصل کرکے قومی کرکٹ ٹیم کلین سویپ کرے گی۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -