ذہنی نشوونما میں ہم نصابی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں، بریگیڈئیر شمریز خان

  ذہنی نشوونما میں ہم نصابی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں، بریگیڈئیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی ذہنی نشوونما میں ہم نصابی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں،افواج پاکستان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ مثبت تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، خواتین اور طالبات آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی پبلک سکول اینڈ کالج قلعہ اقبال گڑھ ڈیرہ میں سالانہ سپورٹس ایوارڈ کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں بیگم شمریز خان نے بھی بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے سکول و کالج ہذا کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری، ڈپٹی سٹیشن کمانڈر کرنل محمد عاقب کے علاوہ عسکری حکام، طلباء و طالبات اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں آمد پر ننھے بچوں نے سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان کو گلدستہ پیش کیا اور گل پاشی کی۔ تقریب میں بچوں نے ویلکم ٹیبلو، متاثر کن نغمات، کھیلوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ٹیبلوز، میوزیکل چیئر کے مقابلوں کا مظاہرہ کیا۔ جس کو شرکاء نے خوب سراہا اور بچوں کی صلاحیتوں پر ان کو داد دی۔ تقریب کے دوران سٹیج کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان اور ان کی اہلیہ نے کرکٹ، فٹ بال، والی بال، اتھلیٹکس، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، دوڑ اور لانگ جمپ وغیرہ میں کامیاب ہونے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اپنی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیں، صحت مند جسم ہی صحت مند سوچ پروان چڑھانے میں کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں اور خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جیسے مردوں کے لیئے کھیل کی سرگرمیاں ضروری ہیں اسی طرح خواتین کیلئے بھی ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے طلبہ نے جہاں تعلیمی میدان میں اپنا نام پیدا کیا ہے وہیں ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی یہاں کے طلبہ کا کردار قابل ستائش ہے۔ آپ نے مستقبل میں اس ملک وقوم کی قیادت کرنی ہے اور ایسا کردار ادا کریں کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر آپ کو منفرد مقام حاصل ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری نے کہا کہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں سے طلباء کی تعلیمی استعداد کاری میں مزید اضافہ ہوگا، طلباء ہمارے مستبل کے معمار ہیں، آرمی پبلک سکول اینڈ کالج قلعہ اقبال گڑھ کے طلباء نے ہمیشہ ہر میدان میں نا صرف اپنے ادارے کا نام روشن کیا بلکہ ملکی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں۔