ضم شدہ اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، اورنگزیب خان

  ضم شدہ اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، اورنگزیب ...

  



بنوں (بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف وزیرستان کے سینئر رہنما وسابقہ امیدوار قومی وصوبائی اسمبلی ملک اورنگزیب خان نے مقامی صحافیوں کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیخ ہے وزیر اعظم عمران خان شروع دن سے قبائل سے محبت رکھتے ہیں اور 10سالوں میں 100ارب روپے ضم شدہ اضلاع کی ترقی پر خرچ کرنا قبائل سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے صحت کارڈ قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے تحریک انصاف حکومت کا سب سے بڑاتحفہ ہے جس کے ذریعے ہر شناختی کارڈ رکھنے والے امیر وغریب کے جیب میں علاج کیلئے ہر وقت آٹھ لاکھ روپے کارڈ کی صورت میں پڑے رہتے ہیں خاصہ دار اور لیویز کے پولیس میں ادغام سے یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ اب قبائلی عوام میں پائی جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ ہوگیا ہے اور انگریز دور سے پاکستان کے دوسرے شہروں اور قبائلی عوام کے مابین علاقہ غیر کے نام سے جو لکیر کھینچی گئی تھی وہ لکیر مٹ گئی ہے وزیر اعلیٰ محمود خان قبائلی اضلاع کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان سے رزمک کو ٹورازم پوائنٹ کا درجہ دینے اور قبائلی اضلاع میں ترقی کا سفر تیز کرنے کے سلسلے میں ملاقات کی ہے انشاء اللہ وزیر اعلیٰ وزیرستان کو گلستان بنانے کا عزم کرچکے ہیں اور عوام جلد ہی تبدیلی کے ثمرات محسوس کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپریشن ضرب عضب کے متاثرہ خاندانوں اور تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے جو معاوضہ دے رہی ہے ان میں جو لوگ سروے میں رہ گئے ہیں ان کو بھی شامل کیا جائے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ ملک وقوم کیلئے قربانیاں دی ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کیلئے مثالی اقدامات کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف ضم شدہ اضلاع میں روز بروز مضبوط قوت بنتی جارہی ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع میں بھی جلد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کو نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہوجائیں اور گھر کی دہلیز پر عوام کے مسائل حل ہوسکیں اسی طرح تمام قبائلی اضلاع میں تمام سرکاری ادارے قائم کئے جائیں جس سے ہزاروں عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے اور عوام کے مسائل بھی حل ہوں گے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پہلے کی طرح عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور بغیر کسی عہدے کے عوام کے حقوق کیلئے دن رات لڑیں گے کیونکہ عوام کی خدمت اور عوام کے مسائل کا حل میرا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ رزمک کو سیاحتی پوائنٹ بنانے سے یہاں لاکھوں عوام کو تفریح کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد کو روزگار بھی مہیسر آئیگا اور دنیا کو پیغام ملے گا کہ وزیرستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے اور وزیرستان کے عوام دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند اور محب وطن ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر