ضلعی انتظامیہ کا یوم کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ،انتظامات کو حتمی شکل دے دی

ضلعی انتظامیہ کا یوم کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ،انتظامات کو ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب حکومت کی ہدایات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے یوم کشمیر کے موقع پر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور مختلف پروگرامز کا انعقاد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں پرظلم و ستم، غاصبانہ قبضہ اور اقوام متحدہ کی قرارداوں پر عمل درآمد کو اُجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ05 فروری کے دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں بھائیوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ تمام محکمے کشمیری پرچم اور فلیکسز کو آویزاں کریں۔انہوں نے کہا کہ25 جنوری سے لیکر 05 فروری تک تمام سکولوں اور کالجوں میں پروگرامز اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کے لئے ریلیوں کا اہتمام کیا جائے اور سکولوں اور کالجوں میں تقاریر، ٹیبلو زوغیرہ کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ فنکشنز میں عوامی نمائندے، انجمن تاجران اور دیگر کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں اور چوکوں پر کشمیر ڈاکیومنٹری کو بڑی سکرینوں پر چلایا جائے گا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے عام شہریوں کو بھی کشمیری بھائیوں سے مکمل طور پر اظہارِ یکجہتی میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کی آزادی تک پاکستانی اور کشمیری عوام کا ایک ہی نعرہ ہے ''کشمیر بنے گا پاکستان''

مزید : میٹروپولیٹن 1