کنٹرول لائن،بھارتی فائرنگ سے 21سالہ لڑکی زخمی

  کنٹرول لائن،بھارتی فائرنگ سے 21سالہ لڑکی زخمی

  



راولپنڈی،اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)بھارتی فوج نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 21سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج نے چری کوٹ سیکٹر میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 21 سالہ خاتون زخمی ہوگئی جسے طبی امدادکے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری طرف پاکستان نے بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کودفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی افواج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں ایک خاتون شہری کے شدید زخمی ہونے پر احتجاج کیا ہے۔قابض بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا گیا کہ ایسے احمقانہ اور بے حسی پر مبنی بھارتی اقدامات نہ صرف 2003 کے جنگ بندی معاہدے بلکہ عالمی انسانی حقوق اور عالمی اقدارکی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ یہ واقعات خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔زور دیا گیا کہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کرکے بھارت اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدتر ہوتی صورتحال سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

کنٹرول لائن

مزید : صفحہ اول