ترکی،زلزلہ سے ہلاک افراد کی تعداد 30ہو گئی،500زخمی

  ترکی،زلزلہ سے ہلاک افراد کی تعداد 30ہو گئی،500زخمی

  



انقرہ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) ترکی کے مشرقی علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں 30افراد جاں بحق اور 500سے زائد زخمی ہوگئے،حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کاررائیوں کے تحت خیمے اور کمبل فراہم کرنا شروع کردئیے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورو بحیرہ روم کے سیسمولوجیکل سنٹر نے بتایا کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.8ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ دارالحکومت انقرہ سے 550کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ الزیگ میں آیا۔وزیر داخلہ سلیمان سویلو کا کہنا تھا کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ زلزلہ تیسرے درجے کی شدت کا ہے جس کیلیے بیرونی امداد نہیں بلکہ قومی سطح پر امداد کی ضرورت ہے۔ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں نے لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔ دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ بیانات میں ترکی میں ہولناک زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکی میں آنے والے اس زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سن کر بہت دکھ ہوا، اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترک حکام کے نام اپنے پیغام میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کا دستہ ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے، پاک فوج کے دستے میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیموں سمیت فیلڈ میڈیکل سہولیات بھی مدد کے لئے تیار ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے ترکی کو فوری تعاون اور امداد کی پیشکش پہلے ہی کی جاچکی ہے۔علاوہ ازیں دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے مشرقی حصے میں زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہلاکتوں پر دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔ بیان میں کہاگیاکہ زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد سے بھی اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق اس قدرتی تباہی کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق ہمیشہ کی طرح پاکستان کے عوام ترکی کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔

ترکی/زلزلہ

مزید : صفحہ اول