وزیر اعظم اتحادیوں پر شک نہ کریں،جو بات ہو پہلے تصدیق کرلیا کریں:پرویز الٰہی

وزیر اعظم اتحادیوں پر شک نہ کریں،جو بات ہو پہلے تصدیق کرلیا کریں:پرویز الٰہی

  



لاہور(جنرل رپورٹر، آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہی نے وزیراعظم عمران خان سے شکوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اتحادیوں کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھیں۔جوبات ہوپہلے تصدیق کیا کریں، مذاکرات کے ذریعے فضل الرحمان سے دھرنا ختم کرایا لیکن حوصلہ افزائی کی جگہ ہم پر شک کیا گیا،چوہدری شجاعت جرمنی سے علاج کراکے واپس آئے تو عمران خان نے خیریت دریافت نہیں کی، (ن)لیگ نوازشریف کے بغیر کچھ نہیں، سیاست اور ووٹ انہی کے ہیں،شہبازشریف کے اختیار میں کچھ نہیں،اگر حکومتی ٹیم اچھی نہیں ہے تو یہ عمران خان کیلئے لمحہ فکریہ ہے،حکومت کو ڈیڑھ سال ہوگیا ہے وزیراعظم کو سوچنا ہوگا۔ ایک انٹرویو میں پرویز الہی نے کہا کہ وزیراعلی بزدار کو سمجھایا تھا پنجاب میں انتظامی تبدیلیاں نہ کریں، میں نے مشورہ دیاکہ سندھ کی گندم پنجاب آنے دیں جسے بزدار حکومت کی طرف سے روکا گیا، نچلی سطح پر حکومت کا کنٹرول نہیں ہے، پنجاب کی تقسیم کے حق میں نہیں ہیں، صوبے میں مسائل ہیں تو کسی حد تک قصور عثمان بزدار کا بھی ہے۔آصف زرداری کے ساتھ مخلوط حکومت کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ق لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے ساتھ پنجاب حکومت بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ نوازشریف چاہتے ہیں کہ مستقبل میں سیاسی باگ ڈور مریم نواز سنبھالیں۔پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کیلئے کچھ کرناچاہتے ہیں لیکن وہ کس کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں یہ بڑا سوال ہے۔دریں اثنا ء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ سے بہاولپور خواتین چیمبر آف کامرس کی صدر شیریں ارشد کی قیادت میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں عالیہ خان، رابعہ ارشد خان، نگہت محمود، افشاں کلیم، فاطمہ دیوان، میڈم یاسمین شامل تھیں۔ وفد نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو اپنے شعبوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا نہایت اہم ستون ہیں، ہنر مند خواتین کو ترقی کیلئے آگے بڑھے کی ضرورت ہے، سیاست، مذہب اور تعلیم سمیت ہر شعبہ میں خواتین کو کردار ادا کرنا چاہئے

پرویزالٰہی

مزید : صفحہ اول