حکومت کو مسائل ورثے میں ملے،ملکی معاشی حالات کا جائزہ لینا بھی ضروری:فردوس عاشق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستان کے معاشی حالات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو 15 ماہ کے دوران مسائل ورثے میں ملے۔معاون خصوصی نے نجی ٹی وی چینل سے نکالے جانے والے کیمرہ مین فیاض علی کی نوکری جانے کے صدمے سے وفات پر کہا کہ مرحوم کیمرہ مین کے بھائی کیلئے وزارت اطلاعات میں نوکری اوروزیراعظم ہاؤسنگ سکیم میں فیاض علی کی فیملی کیلئے گھرکا بندوبست بھی کریں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ کیمرہ مین فیاض علی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد چینل اور حکومت نے ملک کر ان کے خاندان کو 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی لیکن انہیں وقتی طور پر مشکلات سے نکالنے اور آسانی پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مرحوم کیمرہ مین کے معذور والد اور بیمار والدہ کو بینظیر انکم سپورٹ اور کفالت پروگرام کے تحت سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں ایک مستقل حل کی طرف بڑھنا ہے اور ایسے لائحہ عمل،ایسی پالیسیز اور ایسا طریقہ کار متعارف کروانا ہے جس کی وجہ سے کوئی اور فیاض نہ بن سکے۔انہوں نے کہا کہ آجر اور اجیر کے درمیان موجود خلا کو دور کرنے کیلئے صحافتی تنظیمیں، میڈیا ورکرز اور تمام سٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھ جائیں اور نیک نیتی سے میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل یا مالکان کو جن مصائب کا سامنا ہے اس کے حل کیلئے ایک روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں ترکی کے عوام کیساتھ ہیں۔
فردوس عاشق اعوان