برطانیہ پاکستانیوں کیلئے ویز ا پالیسی نرم کرے:اسد قیصر
اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا پاکستان نے دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اپنی ویزاپالیسی میں نرمی کردی اور بین الاقوامی سیاحوں کو آن لائن ویزا اجراء کیلئے ویزا پورٹل بھی قائم کر دیا، برطانیہ کو بھی پاکستانی شہریوں کیلئے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لانی چاہیے۔کہ تجارت اور تجارتی اہداف کو حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کی قائم پارلیمانی کمیٹیاں باہمی حکمت عملی وضع کر سکتی ہیں۔ پاکستانی نوجوان برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اس لئے ضرورت ہے کہ انہیں اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے ضروری مواقع فراہم کیے جائیں۔ برٹش کونسل پاکستان میں بھی اپنے ادارے قائم کرے تاکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ پاکستان میں رہ کر معیاری اور خصوصی تعلیم حاصل کرسکیں۔ بر طا نو ی ہائی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ دوران ملاقات زیربحث آئے تمام امور کو برطانیہ میں متعلقہ حکام کیساتھ اٹھائیں گے اور پیشرفت سے جلد آگاہ کیا جا ئیگا۔ ہفتہ کو پاکستان میں تعینات برطا نو ی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقا ت سمیت اہم ریاستی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا پاکستان کیلئے ویزا مرکز جو اس وقت متحدہ عرب امارات میں ہے کو پاکستان منتقل کیا جانا چاہئے، اس وقت ویزا فیس بہت زیادہ جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے سپیکر قومی اسمبلی کو پاکستان سے متعلق ان کی نئی سفری ایڈوازئری کے بارے میں آگاہ کیا اور کہاپاکستان کی سلامتی کی بہتر صورتحال کے پیش نظر سفری ایڈوائزری کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس فیصلے کی تعریف کی اور کہا مسلح افواج کیساتھ ساتھ پاکستانی عوام نے ملک میں امن و سلامتی کے حصول کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ دنیا کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے، حکومت پاکستان برطانیہ سمیت تمام دوست ممالک کیساتھ تجارتی تعلقات بڑھا نے کی بھی خواہشمند ہے۔ اسد قیصر نے تجویز پیش کی کہ تجارت اور تجارتی اہداف کو حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کی قائم پارلیمانی کمیٹیاں باہمی حکمت عملی وضع کر سکتی ہیں۔ بر یگزٹ برطانیہ کیلئے چیلنجز کیساتھ ساتھ دوست ممالک بشمول پاکستان کیساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کا موقع بھی فراہم کریگا۔ برطانیہ جیسے دوست ممالک پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔سپیکر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا دنیا نے بھارت کا ظالمانہ چہرہ اور دنیا کی "نام نہاد" سب سے بڑی جمہوریت میں بڑھتے ہوئے فاشزم کو دیکھا ہے۔ "ہندوتوا" کے نعرے کے تحت ہندوستان میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کو خطرہ لاحق ہے۔
اسد قیصر