اسنار کل،فائر ٹینڈرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی خریداری تیز کی جائے:وزیر اعلیٰ سندھ

اسنار کل،فائر ٹینڈرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی خریداری تیز کی جائے:وزیر اعلیٰ ...

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات سندھ کو صوبے کے لوکل باڈیز کے لیے اسنارکل، فائر ٹینڈرز اور ٹریکٹرز کی ٹرالیوں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات ہفتہ کویہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، ڈی جی ایس پی پی آر اے رحیم شیخ، کنسلٹنٹ نیاز سومرو و دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی حکومت نے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں اسنارکل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میونسپل کمیٹیوں اور ٹانز کو ٹریکٹر ٹرالیز، فائر بریگیڈز اور کچرے اٹھانے والی گاڑیاں، کچرہ کمپیکٹرس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریبا 4 ارب روپے کی لاگت سے 15 اسنارکلز، 89 فائر ٹینڈرز اور بڑی تعداد میں کچرا اٹھانے والی گاڑیوں، کمپیکٹرز اور فائر ٹینڈرز کو خریدنے کی تجویز ہے اور رواں سال 20-2019کے لئے 1 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تمام اسنارکلز حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، قاسم آباد میونسپل کمیٹی، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور لاڑکانہ کو فراہم کی جائیں گی۔ ان تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سوائے قاسم آباد کے، اگر کسی اونچی عمارت میں آتشزدگی ہوتی ہے تو آگ بجھانے کے لئے کوئی اسنارکل نہیں ہے۔ 89 فائر ٹینڈرز میں سے 15 کراچی، 10 حیدرآباد، 8لاڑکانہ، 6 شہید بینظیر آباد، 4 قاسم آباد اور دیگر شہروں میں فراہم کی جائیں گی۔ اسی طرح ٹریکٹر ٹرالی اور کمپیکٹر بھی ٹان اور میونسپل کمیٹیز کو فراہم کیئے جائیں گے۔ وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹیز اور ٹانز کی فہرست پر نظر ثانی کی جائے تاکہ آبادی اور کام کے لحاظ سے سب سے بڑا، پہلے مرحلے میں ترجیحی بنیادوں پر فائر بریگیڈ اور دوسرے مرحلے میں باقی باڈیز کو فراہم کیا جاسکے۔ وزیراعلی سندھ نے بلدیاتی حکومت کو بھی ہدایت کی کہ وہ دیہی علاقوں سمیت پورے صوبے میں کام کرنے والے تمام بلدیاتی اداروں کو سخت ہدایات جاری کریں تاکہ سڑکوں کی مناسب صفائی کو یقینی بنایا جاسکے اور ان کے صفائی کے نظام کو برقرار رکھا جاسکے۔ اجلاس میں بین الاقوامی ٹینڈرز کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ بیرونی کمپنیاں بھی مقابلہ میں حصہ لے سکیں۔وزیر بلدیات و جنگلات سید ناصر شاہ نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ انہوں نے صوبے کے تمام جنگلات کے جیو انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) کو تیار کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے آٹومیشن یونٹ میں ٹیکنالوجی موجود ہے اور انکو پورے سندھ میں موجود تمام جنگلات کے جی آئی ایس کے لئے شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جی آئی ایس سسٹم کے ذریعے صوبائی حکومت جنگلات اور یہاں تک کہ جن لوگوں کو جنگلات کی زمین دی گئی ہے ،چاہے وہ زمین کی الاٹمنٹ کی شرائط پر عمل پیرا ہیں یا نہیں، ان کی سرگرمیوں کو دیکھ سکے گی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے نہ صرف جنگلات بلکہ ٹیکس کے نظام میں زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔

مزید : صفحہ اول