مہنگائی و آٹا بحران حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے،محمد حسین محنتی

  مہنگائی و آٹا بحران حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے،محمد حسین محنتی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آٹا چینی کی قیمتوں میں اضافہ سمیت مہنگائی کے طوفان، گیس بحران اور بیروزگاری نے عوام کوسخت پریشان کردیا ہے،تبدیلی سرکارکے تمام دعوے ریت کی دیوارثات ہوئے۔ ٹڈی دل و قدرتی آفات دین سے دوری کی وجہ سے اللہ کا عذاب ہے۔ مہنگائی و آٹا بحران حکومتی نا اہلی ہے۔ تمام بحرانوں سے نجات اور مسائل کا حل صرف قرآن و سنت پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھارو، مکلی، ٹھٹھہ اور جھرک میں منعقدہ دعوتی، تنظیمی اور عوامی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ دریں اثناء صوبائی امیر نے مکلی اور ٹھٹھہ پریس کلب پر پہنچ کر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ضلعی امیر الطاف ملاح، مقامی امیر عبداللہ آدم گندرو، آفتاب احمد بجارو،الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر ریاض احمد جیلانی،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی سیکریٹری اطلاعات محمد علی خٹک بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی کی حالیہ رپورٹ نے حکومت کے تمام تر بلند و بانگ دعووں کے پول کھول کر رکھ دیئے ہیں۔ موجودہ حکومت نے احتساب کے نام پر صرف اپوزیشن کو نشانہ بنایا،آٹا بحران سمیت مہنگائی کے طوفان نے ان کی نا اہلی کو عیاں کردیا ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ پانی زندگی ہے سندھ کے عوام صاف پانی سے محروم تو کاشتکار پانی کیلئے پریشان ہیں عوامی احتجاج اورعدالتوں کے نوٹس کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پرجون تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اصلاح و احتساب کا آغاز اپنی ذات سے کریں۔ جب تک اپنی اصلاح نہیں ہوگی تب تک معاشرے و ملک کی اصلاح نہیں ہو سکتی۔پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپورطریقے سے منایا جائے۔گھاروکے امیرمولانا عبدالسمیع ہالیپوتہ،مکلی کے آفتاب احمد بجارو،ٹھٹہ کے عبداللہ آدم گندرو اورجھرک کے غلام شفیع سموں نے بھی خطاب کیا۔

مزید : صفحہ اول