سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاکستانی کوہ پیما اسد علی نے مانٹ اکنگوا پر بھی پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرا دیا
پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن نے مانٹ ایلبرس کے بعد مانٹ اکنگوا پر بھی پاکستان اور کشمیر کا پرچم لہرادیا۔ اسد علی بلند ترین پہاڑ پر 50 میٹر لمبا قومی پرچم لہرانے والے دنیا کے پہلے کوہ پیما بھی بن گئے۔ماؤنٹ اکنگوا 23ہزار فٹ بلند ہے چوٹی اسد علی میمن نے کامیابی پاکستانی فوجی جوانوں اور کشمیریوں کے نام کردی اسد علی میمن اس سے قبل یورپ کی بلند ترین چوٹی مانٹ ایلبرس بھی سرکرچکے ہیں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے اسد علی میمن کہتے ہیں کہ وہ دنیا کی سیون سمٹ (دنیا کی ساتوں براعظم کی بلند ترین چوٹیاں جن کی تعداد نو ہے)مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

سعودی فٹبال ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس 2020کوالیفائی کر لیا
سعودی عرب کی فٹبال ٹیم نے ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس2020میں کھیلنے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ تھائی لینڈ میں کھیلے جانیوالی ایشین انڈر 23چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں سعودی عرب نے ازبکستان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس2020 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کی فٹبال ٹیم نے بھی آسٹریلیا کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر۔ 23 چیمپیئن شپ کا فائنل سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے درمیان بینکاک میں کھیلا جائے گا۔اٹلانٹا 1996 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سعودی عرب کی فٹبال ٹیم اولمپکس میں شرکت کرے گی۔ایشین انڈر۔ 23 چیمپیئن شپ میں تیسری پوزیشن کے لیے آسٹریلیا اور ازبکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی،جیتنے والی ٹیم ایشیا کی تیسری ٹیم کے طور پر جاپان اولمپکس 2020کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 16ٹیموں میں جاپان کی ٹیم میزبان کی حیثیت سے شامل ہو گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2012 کے لندن اولمپکس میں جنوبی کوریا نے جاپان کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ جیت لیا تھا۔


آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کی میزبانی نیوزی لینڈ کریگا۔آئی سی سی کے مطابق ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ آئندہ برس یعنی 2021 میں 6 فروری سے 7 مارچ تک ہو گا جو نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز نیوزی لینڈ کے 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے تاہم ورلڈ کپ کے مکمل شیڈول کا اعلان مارچ میں کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ویمنز ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے جس میں سابق کپتان ثناء میر کا نام شامل نہیں۔


آل پاکستان روپ سکیپنگ چیمپئن شپ 31 جنوری سے شروع ہوگا
پاکستان روپ سکیپنگ فیڈریشن کے زیراہتمام آل پاکستان روپ سکیپنگ چیمپئن شپ 31 جنوری سے سٹی سکول (ڈی کے کیمپس) کراچی میں شروع ہوگی۔ پاکستان روپ سلیپنگ فیڈریشن کے صدر مقبول آرائیں نے بتایا چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ چیمپئن شپ میں چھ کیٹگریز مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز، مینز ٹیم اور ویمنز ٹیم کے مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 2 فروری تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ 27 فروری سے شروع ہو گی
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ 27 فروری سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ملک بھر سے 16 ٹیموں کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان انٹر بورڈ، ہائرایجوکیشن کمیشن، لاہور گرائمز سکول، فاٹا، لمز، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی کی ٹیمیں مردوں اور خواتین کے ایونٹ میں اپنے ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز یکم مارچ کو اور فائنل مقابلے 2 مارچ کو کھیلے جائیں گے، چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارگردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے قومی ٹیموں میں شامل کیا جائے گا۔


آرسینل کلب کے فین پاکستانی جوڑے نے نئی مثال قائم کردی
دنیا بھر میں کھیلوں کے دلدادہ شائقین اپنی پسندیدہ ٹیم اور کھلاڑی سے مختلف طریقوں سے عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں جس کی ہم ماضی میں کئی مثالیں دیکھ چکے ہیں۔اسی طرح کا ایک واقعہ ہمیں حال ہی میں دیکھنے کو ملا جب پاکستانی جوڑے نے مشہور انگلش فٹبال کلب آرسینل کے لیے اپنی پسندیدگی کا کچھ اس طرح سے اظہار کیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ہم نے کھیل کی دنیا میں بڑے بڑے فین دیکھے ہیں لیکن یہ پاکستانی جوڑا آرسینل کا اتنا بڑا فین نکلا کہ اپنی شادی کی تقریب میں بھی فٹبال کلب کو نہیں بھولا اور ایک بینر تھام کر تصویر اور ویڈیو بنوائی۔یہ بات آرسینل کو اتنی پسند آئی کہ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے سوشل میڈیا اکانٹ پر اس ویڈیو کو شیئر کیا جسے 16ہزار لوگ اب تک لائیک کر چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ ہزار لوگوں نے تبصرے کرنے کے ساتھ ساتھ 600 لوگوں نے شیئر بھی کیا۔آرسینل نے پاکستانی جوڑے انعام الحق اور عروج طلعت خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اسٹار میسٹ اوزل اسے ضرور پسند کریں گے۔میسٹ اوزل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


کورڈوبا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 3 فروری سے شروع ہوگا
اے ٹی پی کورڈوبا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 3 فروری سے ارجنٹائن میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ایکواڈور اوپن کی جگہ شروع ہوگا جو اسٹڈیو ماریو البرٹو کیمپس میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ اے ٹی پی ایونٹ میں میزبان نامور ٹینس سٹار جان اگناسیو لونڈرو مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ مینز ڈبلز مقابلوں میں جمہوریہ چیک کے رومن جیبیو اور ارجنٹائن کے آندرس مولٹینی ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرینگے۔ ٹورنامنٹ آؤٹ ڈور کلے کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ 3 فروری سے شروع ہونے والا یہ اے ٹی پی ایونٹ 7 روز تک جاری رہنے کے بعد 10 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -