کراچی،کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ سے حاملہ خاتون زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے کورنگی میں بچی کو اسکول میں داخل کرانے کیلئے گئی ہوئی حاملہ خاتون کو مبینہ طور پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق امجد نامی شخص کورنگی کراسنگ کے قریب کراچی پبلک اسکول میں اپنی بچی کے داخلے کے سلسلے میں اہلیہ کے ساتھ گیا ہوا تھا۔واقعے کے مطابق امجد بچی کا فارم جمع کرانے کیلئے اسکول کے اندر گیا تو ان کی اہلیہ کرن اور بچی گاڑی میں انتظار کرنے لگے۔اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان آئے جنہوں نے مبینہ طور پر واردات کی غرض سے گاڑی کو گھیر لیا۔پولیس کے مطابق خاتون خانہ نے خطرہ بھانپ کر کار کے شیشے چڑھالئے اور گاڑی کو لاک کرلیا۔اس دوران ملزمان نے واردات ناکام ہوتے دیکھ کر فائرنگ کردی جس سے کرن امجد زخمی ہوگئیں۔فائرنگ کی آواز سن کر اس کا شوہر باہر آیا اور اسی گاڑی میں اہلیہ کو لے کر جناح اسپتال پہنچا۔ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق واقعہ ضلع ملیر کے ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے تاہم کورنگی کے زمان ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او پہلے جائے وقوعہ پر پہنچے۔28سالہ کرن امجد کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ 28سالہ زخمی خاتون حاملہ بتائی جاتی ہیں۔ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔