این آئی سی وی ڈی کو سی ایس آر 2020کے 9ایوارڈز سے نوازا گیا

  این آئی سی وی ڈی کو سی ایس آر 2020کے 9ایوارڈز سے نوازا گیا

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) کے لئے یہ بات باعث اعزاز ہے کہ اس کو 12 ویں نیشنل فورم آف انٹرنیشنل کارپوریٹ سوشل ریسپانسبٹی سمٹ 2020 میں عوام کو بلا امتیاز خدمات فراہم کرنے پر 9 ایوارڈز سے نوازا گیا۔ یہ تقریب جنوری 22، 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔یہ کامیابی این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر اور منیجمنٹ کنسلٹنٹ حیدر اعوان کی غیرمعمولی کاوشوں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جو ہمیشہ مریضوں کو امراضِ قلب کا جدیدو معیاری علاج انہی کے گھروں کے قریب بالکل مفت فراہم کرنے لئے ہر وقت کوشاں ہوتے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی کو دنیا میں امراضِ قلب کا بہترین ادارہ بنانے پر پروفیسر ندیم قمر، حیدر اعوان، عذرہ مقصود اور ڈاکٹر حمیداللہ ملک مبارکباد کے مستحق ہیں۔ این آئی سی وی ڈی کے منیجمنٹ کنسلٹنٹ حیدراعوان، سی اواو عذرہ مقصود اور ایڈمنسٹریٹو ایگزیکٹو ڈاکٹر حمیداللہ ملک نے این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پروفیسر ندیم قمر اور ان کے وڑن کے مطابق کہ پورے صوبہ سندھ میں امراضِ قلب کے علاج کا نیٹ ورک بچھایا گیاہے، تاکہ ہر شخص کو امراضِ قلب کا مہنگاعلاج انہی کے گھروں کے قریب مفت فراہم ہو سکے۔انہوں نے مزید کہاکہ دو سال کے مختصر عرصے میں پورے صوبہ سندھ میں امراضِ قلب کے 10مکمل ہسپتال اور 15چیسٹ پین یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔این آئی سی وی ڈی کے ہسپتالوں اور چیسٹ پین یونٹس کا یہ نیٹ ورک پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کاعلاج فراہم کرنے میں دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

مزید : صفحہ آخر