پشاور کے شہریوں نے وزیراعظم عمران خان کا علامتی جنازہ پڑھا دیا

پشاور کے شہریوں نے وزیراعظم عمران خان کا علامتی جنازہ پڑھا دیا
پشاور کے شہریوں نے وزیراعظم عمران خان کا علامتی جنازہ پڑھا دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )گزشتہ روز پاکستانی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ مشہور ہونے والے ڈرامہ ” میرے پاس تم ہو “ اختتام کو پہنچ گیا ہے جس میں ڈرامے کا ہیرو ” دانش “ انتقال کر گیا ہے جس کے بعد ٹویٹر پر لمبے عرصہ کے بعد ” میمز“ کا ایک نیادور بھی شروع ہوا لیکن اسی گہما گہمی کے دوران سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس دیکھ کر ہر طرف ہنسی کا طوفان برپا ہو گیاہے جو کہ سرکار کیلئے ایک لمحہ فکریہ بھی ہے کیونکہ یہ مہنگائی سے تنگ عوام کا ایک طرح سے غصہ بھی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر پشاور کے ایک علاقے میں نماز جنازہ پڑھائے جانے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں درجنوں افراد ایک میت کے گرد جمع ہیں ، یہ علامتی جنازہ ڈرامے کے کردار دانش کا نہیں ہے بلکہ ’ عمران خان ‘ کا ہے ۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ لکڑی کا ایک عارضی سا تابوت تیار کیاگیا ہے جس میں عمران خان کی تصویر والا بینر رکھا گیاہے ۔

ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں ہیں اور آٹے کی قیمت تو ایک دم اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ غریب عوام کیلئے د و وقت کی روٹی بھی مشکل ہدف بن گئی ہے اور عوام مختلف طریقوں سے حکومت پر اپنا غصہ نکالتے ہوئے دکھائی بھی دیتے ہیں ۔

حکومت کی جانب سے مسلسل یہ یقین دہانی کروائی جارہی ہے کہ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن تاحال اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کرپشن میں اضافے کی نوید بھی سنا دی ہے تاہم حکومت نے اسے مسترد کرتے ہوئے ن لیگی ایجنڈا قرار دیاہے ۔

ویڈیو دیکھیں:

مزید : ڈیلی بائیٹس /علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور