”میرے پاس تم ہو “ کے اختتام پر لوگوں کا غصہ ، اے آر وائے نیٹ ورک کے مالک ” سلمان اقبال “ کا پیغام بھی سامنے آ گیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )معروف ڈرامہ ”میرے پاس تم ہو “اپنے اختتام کو پہنچ گیاہے اور ہر طرف اسی کی دھوم مچی ہوئی ہے جبکہ ٹویٹر پر گزشتہ روز سے ٹاپ ٹرینڈز بھی اسی کے چل رہے ہیں تاہم اب ڈرامے پر اے آروائے نیٹ ورک کے مالک سلمان اقبال بھی بول پڑے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق معروف ڈرامے میرے پاس تم ہو میں دانش انتقال کر گیاہے جس کے بعد ٹویٹر پر میمز کا طوفان امڈ آیاہے اور ہر کوئی اسی پر بات کرتا دکھائی دے رہا ہے ۔ اے آر وائے نیٹ ورک کے مالک سلمان اقبال نے ڈرامے کی آخری قسط کے بعد ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” آخر دفعہ میں نے کسی ڈرامے کی آخری قسط کے بارے میں سنا تھا تو وہ ” گیم آف تھرونز “ کی تھی اور اب میں نے ” میرے پاس تم ہو “ کی آخر ی قسط کا سنا ہے ، مجھے بہت زیادہ فخر محسوس ہور ہاہے کہ ہماری انڈسٹری جس مقام پر پہنچ گئی ہے ، مجھے ٹی وی کی ہسٹری بنانے اور اس کا حصہ ہونے پر بے حد فخر ہے ۔ ” سلمان اقبال نے اپنے پیغام کے آخر میں ہمایوں سعید ، عدنان صدیقی اور ڈائریکٹر ندیم بیگ کو بھی ٹیگ کیا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میرے پاس تم ہو کی قسط نہیں چلائی گئی تھی اور ڈرامے کی مقبولیت کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس کی آخری دونوں اقساط کو اکھٹا کرتے ہوئے سینما گھروں میں چلایا جائے تاہم گزشتہ روز ڈرامے کی آخری قسط سینماﺅں میں دکھائی گئی جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے اس تاریخی لمحے سے بھر پورمزہ اٹھایا ۔