احساس پاکستان کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی راہ میں تحریک انصاف کے سیاستدان ہی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئے

احساس پاکستان کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی راہ میں تحریک انصاف کے سیاستدان ...
احساس پاکستان کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی راہ میں تحریک انصاف کے سیاستدان ہی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احساس پاکستان پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی راہ میں تحریک انصاف ہی کے سیاستدان رکاوٹ بن گئے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت بھی ہیں۔ انہوں نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے کچھ لوگ ہی ان کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ہیں اور وہ احساس پروگرام کو اپنی سیاست اور ووٹ کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کاکہنا تھا کہ ”ماضی میں بھی ایسے پروگرام سیاسی مقاصد اور ووٹ بینک میں اضافے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ موجودہ حکومت کی کابینہ کے چند رکن بھی یہی کچھ چاہتے ہیں۔ تاہم وزیراعظم اس حوالے سے بہت واضح کر چکے ہیں کہ ہمارا پروگرام سیاسی اثر سے پاک ہو گا اور جب تک میں اس پروگرام کی سربراہ ہوں، میں اسے وزیراعظم عمران خان کے ویژن سے ہٹ کر استعمال نہیں ہونے دوں گی۔“ واضح رہے کہ احساس پاکستان ایک ایسا جامع پروگرام ہے جس کے نیچے کئی ذیلی پروگرام چلائے جا رہے ہیں جن کا مقصد معاشرے سے غربت، بیروزگاری اور ناخواندگی جیسے مسائل کو ختم کرنا ہے۔ ان پروگرامز کے ذریعے بیواﺅں، بے گھروں، یتیموں، مزدوروں، طلبہ، کسانوں اور عمررسیدہ افراد کی فلاح کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔