نااہل وزیر اعظم کی حکمرانی عوام کیلئے اذیت ناک بن چکی، حکومت کیلئے پت جھڑکاموسم شروع ہوچکا:مولانا فضل الرحمان
سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےملک میں کمرتوڑ مہنگائی اور بے روزگاری کے بعد آٹے اور چینی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہاہے کہ نااہل وزیر اعظم کی حکمرانی عوام کیلئے اذیت ناک بن چکی،ہم نے آزادی مارچ سے حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں، حکومت کیلئے پت جھڑکاموسم شروع ہوچکااورحکومتی پتےگرنا شروع ہوگئے، حکمرانوں نے بد ترین کرپشن کر کے نا صرف ملکی معشیت تباہ کر دی بلکہ پوری دنیا میں ملک کو بدنام کر دیا ہے۔
جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو سے ملاقات کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت خارجی اور داخلی طور پر ملک اور عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، کپتان کا حالیہ دورہ امریکہ بھی سوائے سیر و سیاحت کے کچھ بھی نہیں، وزیر اعظم نے امریکہ کو خوش کرنے کیلئے کشمیر کے بجائے افغانستان کو فوکس رکھا، امریکی صدر ٹرمپ عمران خان کا دوست ہوسکتا ہے لیکن پاکستان کا نہیں، ان کی جانب سے بار بار ثالثی کا ڈھونڈورا صرف دھوکہ دہی کے علاوہ کچھ نہیں، ٹرمپ کشمیر پر ثالثی نہیں بلکہ دستبرداری چاہتا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کے ستر سالہ ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے، نت نئے ٹیکسز لگا کر کروڑوں نہیں اربوں روپے کی ریکوری کی گئی اور یہ رقم حکمرانوں نے اپنی جیبوں میں بھری، حالیہ ٹرانسپرنسی رپورٹ نے پی ٹی آئی کے نااہل حکمرانوں کو ننگا کر دیا ہے، یہ مہنگائی کا طوفان آٹے و چینی کا بحران حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس سے بڑا ظلم اور نااہلی کیا ہوگی کہ ایک زرعی ملک میں لوگ آٹے اور چینی سمیت سبزیوں کیلئے ترس رہے ہیں؟ آج عوام سرعام حکمرانوں کو بدعائیں دے رہے ہیں ،اب حکمران میڈیا سے ڈر رہے ہیں اور میڈیا سے دو ر رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں،اس نااہل اور ناکام حکومت کا خاتمہ ناگزیر بن چکا ہے،حکمران خبرداررہیں ہم حکومت کاتختہ الٹنےکیلئےدوبارہ پہلےسےبھی کئی گناہ بڑا آزادی ملین مارچ لیکر اسلام آباد آسکتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کو اس حکومت سے نجات دلانے کیلئے پی پی، ن لیگ و دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کو بھی تیار ہوں۔