بھٹو کی پارٹی کو کمزور کرنے والے اس بات سے سبق سکھیں،سعید غنی نے ایسی مثال دے دی کہ کوئی تصور بھی نہ کر سکے گا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیراطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ گڑھی خدابخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پرپوراسال لوگوں کاتانتابندھارہتاہےجبکہ فیصل مسجد کے احاطےمیں دفن ہونےوالے آمر کی قبر پر تو اُس کے اہل خانہ بھی نہیں جاتے،بھٹو کی پارٹی کو کمزور کرنے والے اس سے سبق سکھیں،ذوالفقاربھٹو کوجسمانی طورپرعوام سےجداکرنےوالےلوگوں کےدلوں میں اُنکااحترام کم نہ کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین کی سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹوجسمانی طور پر آج ہم میں نہیں لیکن آج بھی لوگوں کی دلوں میں اُن کا عزت و احترام پہلے سے بھی کہیں زیادہ ہے،شہید بھٹو دنیا کے وہ واحد سیاسی لیڈر ہیں جن کی سالگرہ اُن شہادت کے بعد بھی باقاعدگی کے ساتھ ہر سال جنوری کے پورے مہینے میں ملک کے ہر حصے میں جوش و خروش سے منائی جاتی ہے،دنیا میں کوئی بھی شخص یا لیڈر ایسا نہیں ہوگا جس کی سالگرہ اتنے بڑے پیمانے پر منائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سالگرہ کی تقریبات ان تمام قوتوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے جو یہ سوچتے تھے یا امید رکھتے تھے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خاموشی سے دفن کرنے کے بعد لوگوں کے دلوں سے بھی ان کا نام مٹا دیں گے؟وقت کے ساتھ ساتھ نہ صرف شہید ذوالفقار بھٹو بلکہ ان کی پارٹی کے لئے لوگوں کی محبت میں کئی گناہ اضافہ ہو گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ اگر موازنہ کیا جائے تو جس طرح گڑھی خدابخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر پورا سال لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے جبکہ فیصل مسجد میں دفن آمر کی قبر پر اہل خانہ بھی نہیں جاتے،یہ پیغام ان لوگوں کے لئے بھی ہے جو آج بھی شہید بھٹو کی پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سیاست کا رشتہ دل کا رشتہ ہوتا ہے نہ کہ ڈر اور خوف کا،اس رشتے کے توڑنے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو یا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جیسا لیڈر چاہیے، شہید ذوالفقار علی بھٹوآج بیشک ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں مگر ان کا نظریہ ہمارے ساتھ ہے جس کی روشنی میں نہ صرف ہم بلکہ آنے والی نسلیں اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہمارا رشتہ جڑا رہے گا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اس ملک کا نوجوان وزیر اعظم بنائیں گے۔