’ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بارے چوہدری برادران نے عمران خان کو اعتماد میں نہیں لیا‘ شیخ رشید کا حیران کن انکشاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے حوالے سے چوہدری برادران نے وزیر اعظم عمران خان کو اعتماد میںنہیں لیا، اگر وزیر اعظم کو شک تھا تو پرویز الہٰی کو کلیئر کرنا چاہیے تھا۔
نجی ٹی وی سماءکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر چوہدری برادران کو فنڈز چاہئیں تو ملنے چاہئیں۔ مولانا فضل الرحمان کے معاملے پر پرویز الہٰی نے عمران خان کو اعتماد میں نہیں لیا، اگر وزیر اعظم کو شک تھا تو پرویز الہٰی کو کلیئر کرنا چاہیے تھا، ہمارے خلاف بھی باتیں ہوتی ہیں ہم بھی وزیر اعظم کو وضاحت دیتے ہیں، ق لیگ کو واضح کرنا چاہیے تھا کہ ان کا مطلب کچھ اور تھا۔
خیبر پختونخوا کابینہ میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عاطف خان کو ہٹانا معمولی نہیں بہت بڑی بات ہے، خیبر پختونخوا کی سیاست کے بارے میں زیادہ علم نہیں ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ وزیر اعظم کو کچھ پتہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری سمجھدار آدمی ہے، خبر بھی دیتا ہے لیکن کافی وقت سے اس سے ملاقات نہیں ہوئی۔ عمران خان کے پاس بزدار کے علاوہ ایسی کوئی چوائس نہیں ہے، عثمان بزدار شریف آدمی ہے، پنجاب میں آئی جی اور چیف سیکرٹری کو بزدار کی حمایت میں بھیجا گیا، ہمیں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنا پڑے گا، میں بچپن سے شوگر مافیا کے خلاف ہوں، شوگر مافیا نے مجھے کہا کہ تمہیں الیکشن نہیں جیتنے دیں گے۔