ٹرا نسپرنسی انٹر نیشنل کی وضاحت کے بعدن لیگ اورپی پی کے نام نہاد دانشوروں کو سانپ سونگھ گیا:مسرت جمشید چیمہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی ایم پی اے اور پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نےکہاہے کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو حکومتی اور اتحادی اراکین کا مکمل اعتمادحاصل ہے اورصوبہ بھر کی انتظامیہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے،جن جماعتوں کی اپنی قیادت علاج کے نام پر بیرون ملک فرار ہے،اس کے رہنماؤں کی جانب سے دوسری جماعت کے اراکین کیساتھ رابطوں کا دعویٰ انتہائی مضحکہ خیز ہے،ٹرا نسپرنسی انٹر نیشنل کی وضاحت کے بعد نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے نام نہاد دانشوروں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ ملک میں فوری انتخابات کا مطالبہ کرنے والی نواز لیگ میں اس وقت قیادت کے حصول کے لئے رسہ کشی جاری ہےاور اسے بطور سیاسی جماعت اپنی سیاسی بقاء کا چیلنج درپیش ہے،ایسے میں بڑھکیں مارنا اور حکومت کے خلاف جھوٹا پراپگنڈا صرف لوگوں کو اپنے ساتھ رکھنے کا ایک بہانا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ پر بغلیں بجانے والوں کو اس کی وضاحت کے بعد سانپ کیوں سونگھ گیا ہے؟کرپشن بڑھنے کا واویلا کرنے والوں کو اب قوم سے معافی مانگنی چاہیے،کرپشن میں لتھری ہوئی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو پہلے بھی متعدد بار ناکامی اور مایوسی ہوئی اور ان کے ساتھ یہ سلسلہ پانچ سال تک جاری رہے گا۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے اور لوگ اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرتے ہیں جس کا احترام کیا جاتا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں جمہوریت کے نام پر آمریت قائم ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو لاہور میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں میں انہیں یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پنجاب حکومت، خصوصی طور پر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کے مابین ایک مربوط اور موثر مکینزم بنانے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔