پیپلزپارٹی کا اپناراستہ ہے، ہمارااپناراستہ ہے : شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے 22 اراکین رابطے میں ہیں ۔ہم نیوز کے پروگرام میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی سیاست کررہی ہے اور اس نے خود ہی پی ڈی ایم کو چھوڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا اپناراستہ ہے، ہمارااپناراستہ ہے تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اعتماد کا فقدان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اگر پی ڈی ایم مارچ میں شامل ہونا چاہتی ہے تو غور کیا جا سکتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے واضح طور پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج کےاجلاس میں پیپلزپارٹی کا ذکرنہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ 23 مارچ کو ہی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد عوام کو احساس دلانا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ عدم اعتماد کی فضا قائم کرنی کی کوشش ہے۔