عمران خان ریڈلائن ، گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو بہت نقصان ہوگا ، علی زیدی 

عمران خان ریڈلائن ، گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو بہت نقصان ہوگا ، علی زیدی 

  

کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدرو سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاہے کہ اطلاعات ہیں کہ ایک میٹنگ میں امپورٹڈ حکومت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ عمران خان وہ ریڈ لائن ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی گئی تو بہت نقصان ہوگا۔ پنجاب میں 25مئی کے دن عوام کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے پولیس افسران کو دوبارہ عہدوں پر لا کر بٹھا دیا گیا ہے۔ جو احمقانہ حرکتیں یہ حکومت کررہی ہے اس سے انہیں بہت نقصان ہوگا۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی، پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر آغا ارسلان بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کیا سمجھتی ہے کہ اگر عمران خان اور فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے ملک کی معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟ اس وقت ملک تباہی کا شکار ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ حکومت اپنے بھونڈے فیصلوں کی وجہ سے ملک کو مزید تباہی کی طرف لے کر جارہی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کو مشورہ ہے کہ ہوش کے ناخن لیں اور اپنی حرکتوں سے باز رہیں۔ علی زیدی کا مزیدکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بھی اس ملک میں مقدس گائے بن گیا ہے۔ ایک سوال پوچھنے پر توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس نکال دیتے ہیں۔ جو بلدیاتی الیکشن انہوں نے سندھ میں کروایا ہے اس پر سوال اٹھانا الیکشن کمیشن کو پسندنہیں ہے۔ اس وقت ملک میں تماشا لگا ہوا ہے جہاں کرمنل کھلے عام گھوم رہے ہیں، ان پر مقدمات ختم کئے جارہے ہیں اور ہم جیسے لوگوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ کل عزیر بلوچ 25ویں کیس میں بری ہوا ہے۔ زرداری کا بیٹا محسن نقوی پنجاب کا وزیر اعلیٰ لگ گیا ہے۔ یہ جلد عزیر بلوچ کو بھی تمام کیسز سے بری کروا کر سندھ کا وزیر اعلیٰ بنا دیں گے۔

علی زیدی

مزید :

صفحہ آخر -