چاروں صوبائی حکومتوں نے پولیس تبادلوں کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی 

چاروں صوبائی حکومتوں نے پولیس تبادلوں کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی 

  

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پولیس افسران کے سیاسی بنیادوں پر تبادلوں کے خلاف کیس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ حکومت نے پولیس تبادلوں کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس پر سپریم کورٹ نے اسلام آباد پولیس کو تقرری و تبادلوں کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پوسٹنگ اور تعیناتیوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں،صوبوں سمیت اسلام آباد پولیس بھی آرڈر 2002 پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ بدھ کو ہونے والی سماعت کے دور ا ن عدالت عظمیٰ نے کہاکہ صوبے اور اسلام آباد پولیس مقدمات کی تحقیقات کے معیار کو بہتر بنائے،پولیس کی غیر میعاری تحقیقات کی وجہ سے عدالتوں کو مقدمات کے فیصلے میں مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔سپریم کورٹ نے کہاکہ کرمنل کیسز کی تحقیقات میں تجربہ کار اور ماہر افسران کو تعینات کیا جائے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ نیشنل پولیس بورڈ کا آخری اجلاس کب ہوا تھا؟،سارے صوبوں میں پولیس انوسٹی گشن نیشنل پولیس بورڈ کے اجلاس نا ہونے کی وجہ سے مسلہ ہورہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی تمام رپورٹس میں فنڈز نا ملنے کا مسئلہ بتایا گیا۔ چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے کہاکہ پولیس کو تفتیش و تحقیقات کیلئے گاڑیاں تک دستیاب نہیں ہوتیں ہیں، پولیس کو جاری ہونے والے فنڈز کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کریں۔عدالت عظمیٰ نے اسلام آباد پولیس سے ایک ماہ میں تبادلوں کی تفصیلات جمع کرانے کا وقت دے دیا ۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔

سپریم کورٹ

مزید :

صفحہ آخر -