ملتان پولیس،تھانوں کی ڈیزل سپلائی کم،صورتحال سنگین
ملتان(وقائع نگار )ملتان پولیس افسران کا انوکھا فیصلہ ، تھانوں کی ڈیزل کی سپلائی کم اور سپیشل ڈیوٹی کے لیے فیول کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان کے ہر تھانے کی گاڑی کو پہلے 15 لٹر فیول روزانہ ملتا تھا جبکہ سپیشل ڈیوٹی یا چھاپے کی صورت میں اضافی فیول مہیا کیا جاتا تھا تاہم اب اچانک پالیسی تبدیل کر دی گئی ہے، اب ہر تھانے کی گاڑی کو روزانہ 10 لٹر فیول دیا جا رہا ہے اور سپیشل ڈیوٹی یا چھاپے کی صورت میں اضافی ڈیزل مہیا نہیں کیا جائے گا، پولیس افسران کے ان اقدامات کی وجہ سے فیول کا اضافی بوجھ سائلین کو اٹھانا پڑے گا جبکہ اس بارے سی پی او ملتان شاکر حسین داوڑ کا کہنا ہے کہ تھانوں کو اب رقبے کے لحاظ سے فیول فراہم کیا جا رہا ہے، دفاتر میں ڈیوٹی کرنے والوں کے فیول میں کمی کی گئی ہے، اضافی فیول ایس او پی کے مطابق فراہم کیا جائے گا۔