متحدہ عرب امارات پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریگا، شیخ محمد بن زید النہیان کی شہباز شریف کو پیشکش

  متحدہ عرب امارات پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریگا، شیخ محمد بن زید ...

  

          اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچے، ائیرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ ائیرپورٹ پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے مفاہمت کے حوالے سے بھرپور کام کیا جائے گا۔ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں. انہوں نے کہا کہ ا ان کے والد جو کہ پاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت رکھتے تھے. انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں. انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔وزیراعظم اور اماراتی صدر کی ملاقات برادرانہ ماحول میں ہوئی، شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف سے بڑی والہانہ محبت کا اظہارکیا اور وزیراعظم کا ہاتھ تھامے اپنے جہاز میں لے گئے۔ صدر یو اے ای نے وزیراعظم کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنیکا بھی عندیہ دیا، آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریگا۔ یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کی اپنے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کرائی، وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی اور سیاسی طور پرغیر مستحکم کرنے والوں کے ہر عزائم کو ناکام بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سید ساجد مہدی سلیم شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی تھی وزیراعظم نے کہا کہ زمانہ کے جھوٹے شخص عمران خان نے جس طرح غلط بیانی سے ملکی اداروں کے خلاف زہر افشانی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی یہ ملک مخالف قوتوں کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اس کی ساری سیاست کا محور ہی ملک کی سیاست میں افراتفری پھیلاکر لوگوں کو گمراہ کرنا ہے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سید ساجد مہدی سلیم شاہ سے آئندہ انتخابات کے سلسلہ میں ضلع وہاڑی کی سیاسی صورتحال متوقع امیدواروں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کی بھرپور تیاری کریں سید ساجد مہدی سلیم شاہ نے وزیراعظم کو اپنے حلقہ انتخاب کے لیے جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا اور مزید ترقیاتی منصوبوں کے لیے درخواست کی جس پر وزیراعظم نے انہیں منظور کرنے کی یقین دھانی کرائی۔

یو اے  ای سرمایہ کاری

مزید :

صفحہ اول -