یومائیکرو فنانس بنک اور پاتھ فائنڈر گروپ کے مابین معاہدہ
لاہور(پ ر)مائیکرو فنانس بینک (یو بینک)اور پاتھ فائنڈر گروپ نے اپنے اپنے اداروں کے پیشہ ورانہ قابلیت کی معاونت سے ڈیجیٹل فنانشل سروسز اور بینک کی دیگر خدمات کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے شراکت داری کے لئے سٹریٹجک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ڈیوس، سوئٹزلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم 2023کے دوران پاکستان پیویلین میں ہوا جس میں یو بینک کے پریزیڈنٹ اور سی ای اوجناب کبیر نقوی اور پاتھ فائنڈر گروپ کے چیئرمین جناب زرار سہگل نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔اس تقریب میں پاتھ فائنڈر گروپ کے کو چیئر مین جناب اکرام سہگل اور دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔ اس موقع پر یو بینک کے پریزیڈنٹ اور سی ای اوجناب کبیر نقوی نے کہا کہ ”ہمارا مقصد شہریوں کے تمام سماجی طبقات کو مالیاتی شمولیت کاحصہ بنانا ہے؛ اور بینک کی حیثیت سے پاتھ فائنڈ ر گروپ کے ساتھ شراکت داری ہمارے لئے قابل فخر اور قابل ستائش ہے۔اس اشتراک سے ہمارے ڈیجیٹل نیٹ ورک کو وسعت ملے گی اور یہ اقدام بینکاری خدمات تک رسائی نہ حاصل کرنے والے افراد کو موثر انداز میں مالیاتی ایکو سسٹم کا حصہ بنانے میں مدد گار ہوگا۔“ پاتھ فائنڈر گروپ کے چیئر مین جناب زرار سہگل نے سٹریٹیجک پارٹنر شپ کے معاہدے کی اہمیت کو اپنے خیالات سے اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ معاہدہ عوام کو معاشی طور پر مضبوط بنائے گا اور پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت پر دیر پااثرات مرتب کرے گا۔“پاتھ فائنڈر گروپ یو بینک کے ساتھ مل کر سماجی شمولیت کے لئے کام کرنے کیلئے کوشاں ہے۔