عمران ریاستی اداروں کیخلاف زہر اگل رہا ہے‘ امان اللہ حقانی

عمران ریاستی اداروں کیخلاف زہر اگل رہا ہے‘ امان اللہ حقانی

  

پشاور (سٹی رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا امان اللہ حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان، اسکی عوام اور اداروں کو تباہی کے دہانے پر لانے والا عمران خان استعفے منظور ہونے کے بعد اب رونے دھونے ڈال کے ایک مرتبہ پھر قومی اداروں کے خلاف زہر اگل رہا ہے، ملک دشمن قوتوں سے فنڈز لے کر قومی راز بیچنے والا تحریک انصاف کا یہ ٹولہ عوامی عدالت میں بھی سزا کا مستحق ہی ٹہرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے امان اللہ حقانی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے عمران خان کو عالمی قوتوں نے جن مقاصد کے لئے پلانٹ کیا تھا وہ اب بلکل آشکارہ ہو چکے ہیں -گذشتہ چار سالوں میں  پاکستان کی معیشت کو برباد کر ڈالا اور پھر جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے اور ملک میں افرا تفری پھیلانے کے لئے دو بڑی اسمبلیوں کو توڑا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو برباد کرکے عالمی مالیاتی اداروں کی جھولی میں ڈالا۔انکی سیاست فقط تضادات کا مجموعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفوں کا ڈرامہ رچایا اور اب جب انکے استعفوں کو منظور کر لیا گیا تو مگرمچھ کے آنسو بہا کر جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران ملک کی خفیہ حساس معلومات عالمی اداروں کو فراہم کیا اور اب ملک کی سلامتی کو داو پہ لگانے کے لئے ریاستی اداروں کے خلاف دن رات زہر اگل رہا ہے،لیکن یہ انکی بھول ہے-ان مقاصد کی تکمیل کے لئے عمران خان کو ملک دشمن تنظیموں کی جانب سے بھاری فنڈنگ کی گئی۔ان مذموم مقاصد کے حصول کے لئے اپنے پڑوسی اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرکے بے اعتمادی کی فضاء کو قائم کیا-اب موجودہ حکومت ملکی معیشت کو درست سمت لے جانے کی کوشش کررہی ہے جوکہ عمران خان کے لئے ناقابل برداشت ہے اور اب وہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے-امان اللہ حقانی نے واضح کیا کہ ان شاء اللہ نظریہ پاکستان اور آئین پاکستان کے تحفظ کے لئے،عوام جمہوری اور ریاستی اداروں کی پشت پر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ملک،نوجوانوں اور نظریاتی تشخص کو اس فتنے سے بچانے کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والے کی حقیقت اب پی ٹی آئی کے ساتھ وابستہ نوجوان بھی جان چکے ہیں -انکو مزید جذباتی نعروں سے نہیں ورغلایا جاسکتا-

مزید :

پشاورصفحہ آخر -