عمران خان کی گرفتاری کا شدید عوامی ردعمل آئے گا، صدر عارف علوی نے خبردار کر دیا

عمران خان کی گرفتاری کا شدید عوامی ردعمل آئے گا، صدر عارف علوی نے خبردار کر ...
عمران خان کی گرفتاری کا شدید عوامی ردعمل آئے گا، صدر عارف علوی نے خبردار کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے خبردار کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کیا گیا تو عوام کا شدید ردعمل  آئے گا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر عارف علوی نے کہا کہ فواد چودھری کے ساتھ جس طرح سلوک کیا گیا، ہتھکڑیاں لگائی گئیں، اس پر شرم آنی چاہئے۔ عمران خان کو گرفتار نہیں کرنا چاہئے، کیا گیا تو عوام شدید ردعمل دیں گے، حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔ پاکستان میں مائنس ون فارمولہ کبھی کامیاب نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کو مل کر بیٹھنا چاہئے، عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں۔ اس وقت حکومت اور اپوزیشن کے مابین کسی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے، عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں تاہم حکومت نے بھی اس جانب کوئی پیش رفت نہیں کی، قبل از وقت نہیں تو الیکشن پر ہی مذاکرات کر لئے جائیں۔ صدر علوی نے کہا کہ فوج کہہ چکی ہے کہ سیاست میں کوئی عملداری نہیں، میرا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ میرا خیال تھا کہ لوگ مذاکرات کیلئے بیٹھ جائیں گے، موجودہ صورت حال متقاضی ہے کہ سیاست دان مل بیٹھیں، یہ خلاء سیاست دانوں کو خود ہی پُر کرنا ہو گا۔ انشاءاللہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

مزید :

قومی -