قطر کے تعاون سے کارروائی، سعودی عرب نے مملکت کو بڑے نقصان سے بچالیا

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب میں حکام نے 40 لاکھ سے زائد ایمفیٹامین گولیاں مملکت میں سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یہ کارروائی قطری حکام کے ساتھ مل کر کی گئی۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے ترجمان میجر محمد النجیدی نے بتایا کہ جدہ اسلامک پورٹ پر ایک آپریشن کے دوران مویشیوں کے چارے کی کھیپ میں چھپائی گئی 4,091,250 گولیاں برآمد کیں۔ یہ آپریشن سعودی حکام نے قطر کے ہم منصبوں کے تعاون اور زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے ساتھ مل کر کیا۔ النجیدی نے مزید کہا کہ کھیپ کے وصول کنندگان جن کا تعلق مصر اور اردن سے ہے، کو ریاض کے علاقے میں گرفتار کرلیا گیا اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔