لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری کردیا، پاکستان جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 8 فروری سے مد مقابل ہوں گی۔
پی سی بی نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔پی سی بی کے مطابق نئی شکل کے ساتھ قذافی سٹیڈیم لاہور پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے میچوں کی میزبانی کرے گا، اپ گریڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے علاوہ فائنل بھی کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جبکہ دوسرا میچ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔
شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے علاوہ 14 فروری کو فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے 4 میچ تینوں فریقوں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔پی سی بی کے مطابق ان میچز کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے اپنے نئے ڈیزائن اور دوبارہ تیار کردہ اسٹیڈیمز کو عالمی معیار کی نشریات کے ذریعے دنیا کے سامنے دکھانے کا بہترین موقع ملے گا۔
رپورٹ کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، نشریاتی معیار کو بڑھانے کیلئے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس جبکہ 2 بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر تکمیل کے قریب ہے، نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر بنایا جارہا ہے، براڈ کاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کیلئے 350 ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں۔