پیپلزپارٹی نے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کردیا،فیصلے سے پی پی کو ہی نقصان ہوگا: ن لیگ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی نے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیااور فیصلے سے الیکشن کمیشن کو بھی تحریری طورپر آگاہ کردیاگیاہے ۔ مسلم لیگ ن نے بائیکاٹ کو پیپلزپارٹی کیلئے براقراردیتے ہوئے کہاکہ اُنہیں اپنی شکست نظرآرہی تھی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار رضاربانی نے بتایاکہ انہیں سپریم کورٹ نے اپنی صفائی میں کچھ کہنے کا موقع بھی نہیں دیا، صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ ملک میں ون یونٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، صوبوں کو ثانوی حیثیت دی گئی ، دودن میں انتخابات کیلئے مہم چلاناممکن نہیں ۔اُن کاکہناتھاکہ جمہوریت کے تسلسل کیلئے گیارہ مئی کے انتخابی نتائج بھی قبول کیے ،موجودہ گٹھ جوڑ نے ہی کام دکھایا، دودن میں پشاور، کوئٹہ ، لاہور اور کراچی کیسے جاسکتے ہیں ؟ وفاق کو بچانے کیلئے بائیکاٹ کا فیصلہ کیاہے ۔اعتزازاحسن نے کہاکہ صدارتی انتخابات کی تاریخ کی تبدیلی میں مناسب جواز بھی نہیں دیاگیا،راجہ ظفرالحق کا بنیادی حق بھی متاثر نہیں ہوا،پیپلزپارٹی اپنے حلیفوں کیساتھ بائیکاٹ کا اعلان کررہی ہے۔مسلم لیگ ق نے بھی صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماءحاجی عدیل نے پیپلزپارٹی کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ امیدواروں کو مہم چلانے کا موقع نہیں دیاگیا۔پیپلزپارٹی کے بائیکاٹ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگ کے رہنماءسینیٹرمشاہداللہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے غیر جمہوری رویہ اپنایا، پی پی کو انتخابات میں اپنی شکست نظرآرہی ہے ،بائیکاٹ افسوسناک ہے۔مشاہداللہ کاکہناتھاکہ بائیکاٹ کے فیصلے سے پیپلزپارٹی کو ہی نقصان ہوگاکیونکہ چیف الیکشن کمشنر کو تمام جماعتوں نے متفقہ طورپر منتخب کیا۔مشاہداللہ کاکہناتھاکہ کیا ملک اعتزازاحسن اور رضاربانی کی مرضی سے چلے گا؟ سپریم کورٹ ڈوگر کورٹ نہیں ،ا ٓزاد عدلیہ ہے ۔