اقوام متحدہ اسرائیل کو دہشتگرد ریاست قرار دے،سراج الحق

اقوام متحدہ اسرائیل کو دہشتگرد ریاست قرار دے،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے ، نوازشریف بھی پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے معصوم فلسطینیوں کےلئے آواز بلند کریں ۔ سینئر صحافیوں اور کالم نگاروں کو منصورہ میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو اسرائیلی بربریت سے بچانے کے لیے ایک لاکھ پاکستانیوں سمیت پوری دنیا سے مسلمان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نام خط لکھیں گے اور ان کو ان کا فرض یاد دلائیں گے ۔ اقوام متحدہ نے معصوم فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کو دہشتگرد ریاست قرار دے اور عالمی برادری اسرائیل سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرے ۔ انہوں نے کہاکہ پندرہ لاکھ یہودیوں نے پوری دنیا کو یرغمال بنارکھاہے اور مسلمانوں پر جنگ مسلط کر رکھی ہے ۔ سراج الحق نے نوازشریف سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ اٹھارہ کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے معصوم فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کریں ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا ایک موثر قوت ہے جس نے ہمارے کام کو آسان بنادیاہے ۔ میڈیا نے حکمرانوں کے کرتوتوں کو عوام کے سامنے کھول کر رکھ دیاہے۔ اب بھی اگر سب کچھ دیکھتے ہوئے عوام نے چوروں اور لٹیروں ہی کو اپنی گردنوں پر مسلط کیا تو یہ ملک و قوم کی سب سے بڑی بدقسمتی ہوگی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حق و باطل کے میدان میں میڈیا کا تعاون ہمارے ساتھ رہے گا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ نے جماعت اسلامی پنجاب کی طرف سے آئی ڈی پیز کی امداد کے لیے سراج الحق کو ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا ۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -