سعودی عرب میں غیر ملکی اب ہوشیار ہوجائیں! حکومت نے اپنے شہریوں کو سخت ہدایات جاری کردیں
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکومت کی طرف سے کاروباری اداروں میں سعودی شہریوں کو ملازمتیں دینے کیلئے سخت ضوابط متعارف کروائے گئے تو کچھ کمپنیوں نے سعودی شہریوں کو ملازمتیں دیئے بغیر ہی اپنے کاغذات میں ان کے نام درج کردیئے تاکہ اس کے بدلے حاصل ہونے والے سرکاری فوائد سے بہرور ہوسکیں، لیکن اب حکومت کی طرف سے بھی سعودی شہریوں کو خبردار کردیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تصدیق کریں کہ کہیں کوئی کمپنی ان کا نام غلط طور پر تو استعمال نہیں کررہی ہے۔
اخبار ’’سعودی گزٹ‘‘ کے مطابق اس اقدام کا مقصد سعودی شہریوں کے نام پر جعلسازی کا خاتمہ ہے، اور اس کے نتیجے میں جعلسازی کرنے والی کمپنیوں کو سزائیں دی جائیں گی۔ اخبار کے مطابق کمپنیاں سعودی مرد اور خواتین شہریوں کے نام اور شناختی معلومات کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کررہی ہیں جبکہ ان شہریوں کو حافظ پروگرام کے تحت ملنے والے حقوق سے بھی محروم کررہی ہیں۔
ان کمپنیوں کے خلاف کاروائی کے نتیجے میں انہیں ملنے والے ریکروٹمنٹ ویزوں کی تعداد بھی کم ہوجائے گی اور یوں اس کا اثر بالواسطہ پر دیگر ممالک سے سعودی عرب ملازمت کیلئے جانے والوں پر بھی ہوگا۔ کچھ ماہرین کی طرف سے یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ جن شہریوں کے نام پر جعلسازی کی گئی ہے انہیں اس تمام عرصے کی تنخواہیں دی جائیں جس کے دوران ان کا نام جعلی طور پر کسی کمپنی میں رجسٹرڈ رہا اور یہ رقم جعلسازی کرنے والی کمپنی ادا کرے۔